سندھ زیریں صوبہ ہونے سے آبی قلت کا شکار،مراد علی شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ان کی حکومت نے مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں۔
ملاقات کے دوران سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ نیل ہاکنز نے کہا کہ انڈس ڈیلٹا کی شاندار تاریخ ہے ، اس کا تحفظ کرنے کی ضرورت ہے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان پانی کی کمی کا شکار ملک رہا ہے ۔ سندھ زیریں صوبہ ہونے کی وجہ سے پانی کی قلت کا شکار ہے ، اس لیے کوٹری ڈاؤن اسٹریم سے نیچے سمندر میں پانی چھوڑنا مشکل ہو جاتا ہے ، نتیجتاً سمندر کا آگے آنا بڑا خطرہ بن گیا ہے ۔مراد شاہ نے مزید کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے علاوہ بن قاسم انڈسٹریل پارک اور کورنگی کریک انڈسٹریل پارک سمیت دیگر تمام صنعتی علاقے سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں ، جہاں یوٹیلیٹی سہولیات اور زمین دستیاب ہے ۔سول انٹرپرائز اسپیشل اکنامک ریگولیشنز 2020 کے مطابق 5 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کرنے والی کوئی بھی صنعت اسپیشل اکنامک زون کا درجہ حاصل کرسکتی ہے ۔ سندھ میں ایسے دو زون پہلے سے ہی موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ نے خصوصی سبسڈی دے کر زرعی، کان کنی اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں نجی شعبے سے 7 ارب کی سرمایہ کاری حاصل کرلی ہے ۔