ضمنی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کامنصوبہ تیارہوگیا ،منعم ظفر

 ضمنی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کامنصوبہ تیارہوگیا ،منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے 14نومبر کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں بھی ماضی کی طرح دھاندلی کرنے اور ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔

20ماہ ہو گئے ، بلدیاتی انتخابات میں ہماری چھینی گئی نشستوں اور مینڈیٹ کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل میں 14کیسز کا فیصلہ نہیں ہوا۔ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو جتوانے کے لیے ضلعی الیکشن کمشنرز اور عملے نے اپنی وفاداریاں نبھانا شروع کر دی ہیں۔ ان خیالات انہوں نے جمعہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ماڈل ٹاؤن یوسی میں پولنگ اسٹیشن علاقے سے ڈیڑھ دو کلو میٹر باہر بنا دیے گئے ہیں،یوسی 7لیاقت آباد ٹاؤن شماریاتی کوڈ 6میں 2080 ایسے ووٹرز شامل کر دیے گئے ہیں جن کا مستقل یا عارضی پتا وہاں کا نہیں ہے ۔الیکشن ایکٹ 2017کے تحت مستقل یا عارضی میں سے کوئی ایک پتا ہونا لازمی ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بتائیں کہ ان ووٹوں کا اندراج کیسے کیا گیا؟ ۔ الیکشن کمشنر سندھ، جوائنٹ الیکشن کمیشن سندھ اور ریجنل الیکشن کمشنر کو تحریری طور پر پری پول رگنگ کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے ،جماعت اسلامی پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن کے اس کھیل کے خلاف شدید مزاحمت کرے گی۔ عوام 14نومبر کو بلدیاتی اور عام انتخابات کی طرح جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کریں، ترازو کا نشان ہی کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوام کی بہتری کا ضامن ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں