محکمہ لائیو اسٹاک دوائیں فراہم کرنے میں ناکام ،ڈیری فارمرز کادھرنے کا اعلان
کراچی (رپورٹ:آغا طارق)سندھ کے محکمہ لائیو اسٹاک کراچی کے ڈیری فارمر زکو دوائیں فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا،صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی دوائیں میڈیکل اسٹورز پر فروخت کرنے لگے ۔
ایک ہفتے میں وٹرنری افسر امجد شاہ کو تبدیل نہ کرنے کی صورت میں فارمرز نے دھرنا دینے کا اعلان کردیاہے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک کی اینیمل ہسبینڈری دفتر کی جانب سے ڈیری فارمرز کو جانوروں کیلئے فراہم کی جانیوالی دوائیں پرائیویٹ میڈیکل اسٹورز اور دیگر پرائیویٹ فرمز کو فروخت کردی جاتی ہیں ۔ کراچی ڈیری فارم ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات غلام شبیر ڈار نے اپنے بیان میں الزام عائدکیا کہ ضلع ملیر کے علاقے بھینس کالونی میں موجود اینیمل ہسبینڈری کے ویٹرنری افسر سرکاری ادویات فارمرز کو نہیں دیتے اور مبینہ طورپرمارکیٹ میں فروخت کردیتے ہیں۔ویٹرنری افسر گزشتہ8سال سے ایک ہی سیٹ پر تعینات ہے اور سرکاری دواؤں میں گھپلے کرنے میں ملوث ہے جب بھی فارمر بھینس کالونی میں ادویات کے لیے جاتے ہیں تب وہ ادویات نہ ہونے کا بہانہ بنا کر فارمرز کو جواب دے دیتا ہے ۔غلام شبیر ڈار نیکہا کہ ایک ہفتے میں ویٹرنری افسرکو تبدیل نہ کیا گیا تو بھینس کالونی میں اینیمل ہسبینڈری دفتر کے سامنے فارمرز احتجاجی دھرنا دینگے ۔