فارم 47والے اپنی حدود میں رہیں، منعم ظفر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کی حالیہ منظوری میں 50یوسیز میں سے 45پیپلز پارٹی اور باقی اس کے اتحادیوں کی منظور کرنا ۔۔
پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت و قابض میئر کا متعصبانہ طرزِ عمل ہے ، جماعت اسلامی کی تمام یوسیز کے لیے بھی فنڈز جاری کیے جائیں۔جماعت اسلامی جناح ٹاؤن کے یوسی چیئرمین کلیم الحق پر ایم کیو ایم کے مسلح دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ شہر کو بوری بند لاشوں کے تحفے ، بھتہ خوری کے کلچر کو پھیلانے والے اور فارم 47کے ذریعے عوام پر مسلط ہونے والے اپنی حدود میں رہیں، کراچی ایک بار پھر ماضی کی طرٖح دہشت گردی، بھتہ خوری اور تاریکی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،سیکریٹری پبلک ایڈکمیٹی نجیب ایوبی،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمدودیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ ارکان ِ اسمبلی کے فنڈز کے نام پر 7ارب روپے ایم کیو ایم کو دے دیئے گئے ہیں تاکہ لوٹ مار کا سلسلہ جاری رہے اور ایم کیو ایم بھی خاموش رہے ۔انہوں نے کہا کہ یوسیز میں منصفانہ تقسیم نہیں کی جارہی، قابض میئر کی جانب سے صرف50یوسیز کو ڈسٹرکٹ اے ڈی پی جاری کی گئی ہے ان میں سے 45یوسیز پیپلزپارٹی اور بقیہ5 ان کے اتحادیوں کی ہیں۔