سندھ پولیس امن و امان کے قیام کیلئے کوشاں،آئی جی
سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر پولیس کا اہم اور احسن اقدام، ماڈل پولیس اسٹیشن آباد کا قیام، ماڈل تھانے کی افتتاحی تقریب میں آئی جی سندھ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ سندھ پولیس امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدام اور پولیس اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش سمیت عوام کو قانونی معاونت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، پولیس افسران و اہلکار عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے پیشہ ورانہ فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں جس کی وجہ سے سندھ میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور پولیس افسران و اہلکاروں کی سردھڑ کی بازی لگانے کا ہی نتیجہ ہے کہ عوام کو امن وامان کی فضا میسر ہے ۔ سکھر میں ماڈل پولیس اسٹیشن آباد کی افتتاحی تقریب میں ڈی ائی جی سکھر کیپٹن (ر)عبداللہ چاچڑ، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ اور دیگر پولیس افسران بھی شریک تھے ۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کی حفا ظت کرنا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے ، سندھ پولیس کی کچے میں کارروائیوں کے دوران اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے ، جرم کا خاتمہ ہی سندھ پولیس کا عزم ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ سندھ پولیس کے افسران و اہلکاربے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں۔