نمائشی طور پر مسمار غیر قانونی عمارتوں کی دوبارہ تعمیر شروع
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں نگراں دور حکومت میں بھی غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ نہ رک سکا ۔ شہریوں کی مسلسل شکایات پر 4ماہ قبل نمائشی طور پر مسمار کی گئی متعدد غیر قانونی تعمیرات متعلقہ اداروں کے افسران کی مبینہ ملی بھگت اور کروڑوں روپے مبینہ رشوت کے عوض دوبارہ تعمیر کردی گئی ۔
شہر میں ضلع شرقی اوروسطی غیر قانونی تعمیرات کے گڑھ بن گئے ۔ ضلع وسطی میں لیاقت آباد ، فیڈرل بی ایریا ، عزیز آباد ، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں پورشن مافیا مسلسل سرگرم ہے ۔ 80 گز ، 120 اور 240 گز کے پلاٹوں پر پورشن اور غیر قانونی تیسری اور چوتھی منزل تعمیر کی جارہی ہیں جبکہ ضلع شرقی میں بھی محمود آباد ، منظور کالونی ، گلستان جوہر اور گلشن کے مختلف بلاک سمیت پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں بھی خلاف ضابطہ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ رک نہیں سکا ۔ شہر کے دیگر اضلاع جنوبی ، ضلع کورنگی ، ضلع ملیر میں بھی غیر قانونی تعمیرات سے متعلق شکایات بڑھتی جارہی ہیں جبکہ متعلقہ اداروں کے حکام نے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ویجیلنس ٹیم کی جانب سے بھی تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا جس کے باعث نگراں دور حکومت میں بھی غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں جس سے انفرااسٹرکچر کو شدیدنقصان پہنچ رہا ہے ۔