پمپنگ اسٹیشن پاک کالونی اپ گریڈ کرنے کے احکامات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے واٹر کارپوریشن کی مختلف اہم تنصیبات کا دورہ کیا، جس میں شیریں جناح سیوریج پمپنگ اسٹیشن اور حبیب بینک ہوسٹنگ پمپنگ اسٹیشن پاک کالونی شامل ہیں۔
دورے کے دوران سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسد اللہ خان اور دیگر اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ تھے ، جن میں ترجمان میئر کراچی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی اور چیف انجینئر سیوریج آفتاب عالم چانڈیو بھی شامل تھے ۔دورے کے دوران یو سی چیئرمین نے میئر کراچی سے درخواست کی کہ حبیب بینک ہوسٹنگ پمپنگ اسٹیشن پاک کالونی کو اپ گریڈ کیا جائے ، جس پر میئر کراچی نے واٹر کارپوریشن حکام کو فوری طور پر پمپنگ اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کے احکامات جاری کیے ۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شیریں جناح سیوریج پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اس کی بحالی و مرمت کی ضرورت تھی۔انہوں نے دورے کے دوران مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی اور نکاسی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کو فعال کیا گیا ہے ، جبکہ ٹی پی تھری ماڑی پور میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی لگایا گیا ہے ۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور حب سے نئی کینال مکمل ہونے کے بعد شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا۔