واٹر کارپوریشن ،اسٹیل مل میں واجبات کا تنازع حل نہ ہوسکا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر کارپوریشن اور اسٹیل مل کے درمیان واجبات کی عدم ادائیگی کا تنازع تاحال حل نہ ہوسکا ۔
واٹر کارپوریشن کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ واجبات ہونے کے باوجود واٹر کارپوریشن نے اسٹیل مل کو پانی کی فراہمی نہیں روکی اور مستقبل میں پانی کی سپلائی جاری رکھنے یا بندش سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ واٹر کارپوریشن اسٹیل مل کو بلک میں پانی کی سپلائی کررہا ہے جب کہ اسٹیل ملز گلشن حدید کی تمام رہائشی آبادیوں کو پانی دیتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں بھی ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں ڈسٹرکٹ ملیر کے ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندگان کی موجودگی میں اسٹیل مل کے واجبات کا مسئلہ زیر غور آیا تھا جس میں یہ بات کی گئی تھی کہ واجبات کی بنیاد پر عوام کو پانی کے مسائل میں نہیں الجھایا جائے گا۔ دوسری جانب کہا جارہا ہے کہ واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ پر اس وقت تمام وفاقی اداروں سے واجبات کی وصولی کے لئے سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے شدید دباؤ دے رکھا ہے جس کے بعد وفاقی اداروں سے واجبات کی وصولی کے لئے کوئی اہم اقدامات اٹھائے جانے پر غور جاری ہے ۔واضح رہے کہ اسٹیل مل انتظامیہ نے مالی بحران کا بہانہ بناتے ہوئے 10 جنوری سے گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن کوپانی کی فراہمی منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے علاقہ مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔