رٹیل سیکٹر میں پی او ایس کی خلاف ورزی ، 3دکانیں سربمہر
کراچی(بزنس رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے کاروبار کو سیل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آرنے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف دکانوں کو سیل کردیا ہے ۔
رٹیل سیکٹر میں پوائنٹ آف سیلز(پی او ایس )کی خلاف ورزیوں کے مرتکب بیکریوں، گاڑیوں کے شورومز اور پینٹ کی دکانوں کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ریجنل ٹیکس آفس ون کی 3 مختلف کارروائیوں میں بیکری، کار شوروم اور پینٹ کی دکانیں سیل کردی گئیں۔ریجنل ٹیکس آفس ون کی جانب سے صدر اور کلفٹن کی دو معروف بیکریوں کو پوائنٹ آف سیلز قواعد کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا جب کہ آر ٹی او ون کے زون تھری کے دائرہ کار میں آنے والے خالد بن ولید روڈ میں واقع ایک کار شوروم کو بھی پی او ایس رسید جاری نہ کرنے پر سیل کیا گیا۔ اسی طرح تیسری کارروائی میں معروف پینٹ شاپ کو پی او ایس سے منسلک نہ ہونے پر سیل کیا گیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق پوائنٹ آف سیل قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب کسی بھی شعبے کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کے لئے مستقبل میں ریجنل ٹیکس آفس کی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قوانین کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی ۔