بینظیر میڈیکل یونیورسٹی :سابق طلبہ کا 50لاکھ کی مشین کاعطیہ
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے زیرٍ انتظام شعبہ یورالاجی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے فلورو اسکوپی مشین عطیہ کرنے کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔
50 لاکھ روپے مالیت کی فلورو اسکوپی مشین چانڈکا میڈیکل کالج کے بیج چار کے سابق طالب علموں نے عطیہ کی جس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ چانڈکا میڈیکل کالج کے سابق طلبہ کا اپنی مادر علمی کیلئے جذبہ لائق تحسین ہے اور یہ دیگر طلبہ ، اداروں کے لیے بھی لائق تقلید ہونا چاہیے۔ اس موقع پر شعبہ یورالاجی کے سربراہ پروفیسر امان اﷲ عباسی نے کہا کہ یورالاجی ڈپارٹمنٹ میں فلورواسکوپی کی تنصیب سے غریب اور مستحق مریضوں کے لیے بڑی آسانی ہوگی اور اب بغیر کٹ کے گردوں سے پتھری کا خاتمہ ممکن ہوگا،چانڈکا میڈیکل کالج کے سابق طلبہ کے شکر گزار ہیں۔ چانڈکا میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل اور بیج چار کے سابق طالبعلم پروفیسر شیر محمد شیخ نے کہا کہ ہم نے اپنی روایت کے مطابق مادر علمی کو مشین عطیہ کی ہے اور اس سے پہلے بھی ہمارے بیج کے دیگر دوستوں نے پورٹ ایبل ایکسرے ، الٹراساؤنڈ ، میمو گرافک مشین، او ٹی اکیوپٹمینٹ، آئی سی یو مانیٹر اور کمپیوٹرز کی مد میں عطیات جمع کرائے ہیں ۔ ادھر لاڑکانہ کی زیبسٹ یونیورسٹی کیمپس میں 16ویں سافٹ ویئر اور ہارڈویئر نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں کمپیوٹر سائنس کے فائنل ایئر کے طلبہ نے اے آئی چیٹ بوٹس، ورزش اور مریضوں ، ڈاکٹروں کے درمیان تعاون،معاونت اور صنعتوں کے ساتھ نیٹ ورکنگ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 سافٹ وئیر اور پراجیکٹس کو پیش کیا۔ اس موقع پر زیبسٹ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ کی سربراہ ڈاکٹر زاہدہ ابڑو اور دیگر اساتذہ نے نمائش کا دورہ کیا جہاں طلباء و طالبات نے انہیں اپنے اپنے پراجیکٹس سے متعلق آگاہ کیا۔