سردی بڑھتے ہی بچوں ،بڑوں میں بیماریاں پھیلنے لگیں
کراچی(این این آئی)کراچی میں سردی کی شدت بڑھتے ہی بچوں میں خسرہ، نمونیہ کے مرض میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے ۔
ماہرین اطفال کے مطابق سرد موسم میں بچوں میں خسرہ کے وائرس تیزی سے جنم لے رہا ہے جب کہ اس موسم میں بچوں میں نمونیہ کا مرض بھی تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ماہرین طب کے مطابق سرد موسم میں اس وقت کراچی میں فلو، زکام، کھانسی، سینے کے انفیکشن کے امراض سمیت دیگر وائرس کی وجہ سے عوام کی اکثریت شدید متاثرہے ۔سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خالد بخاری نے بتایا کہ سول اسپتال کی او پی ڈی اور ایمرجنسی میں فلو وائرس سے یومیہ سیکڑوں متاثرہ مریض رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ سرد موسم میں لاپرواہی برتنے والوں کو سینے کے انفیکشن میں مبتلا سیکڑوں مریض رپورٹ ہورہے ہیں۔انہوں نے عوام سے کہا کہ سرد موسم میں بہت احتیاط کریں۔ گرم کپڑوں کے ساتھ سر کو ڈھانپ کررکھیں۔اسکول جانے والے بچوں کو فل استین کے ساتھ ساتھ گرم سویٹر کے ساتھ سر کو بھی ڈھانپ کر بھیجیں۔جناح اسپتال کے حکام نے کہاکہ اسپتال کی ایمرجنسی میں فلووائرس اور نمونیہ کے مرض کے درجنوں مریض رپورٹ ہورہے ہیں۔ سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر واحد راجپوت نے بتایا کہ سرد موسم میں اسپتال میں خسرہ، نمونیہ کے ایک درجن سے زائدمریضوں کو داخل کیا جارہا ہے۔