تعلیمی بورڈز سے ایڈہاک ازم کا خاتمہ کیا جائے ،سپلا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا)کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس، کراچی ریجن کے صدر پروفیسر رسول قاضی۔۔
دیگر عہدیداران نے اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے حالیہ فرسٹ ایئر کے نتائج کے حوالے سے طلبہ و طالبات میں پائے جانے والی بے چینی اور اضطراب پر اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ آخر کیا بات ہے تقریباً ہر سال انٹرمیڈیٹ کے نتائج تنازع کا شکار بن رہے ہیں؟ طلبا و طالبات اساتذہ اور والدین ایک ذہنی کوفت سے گزرتے ہیں ۔ سپلا کے رہنماؤں کے مطابق اس کی ایک اہم وجہ کی جانب ہم گزشتہ کئی سالوں سے ارباب اختیار کی توجہ سندھ کے تعلیمی بورڈز کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ گزشتہ 18 سال سے سندھ کے کسی بھی تعلیمی بورڈ میں مستقل ناظم امتحانات تعینات نہیں کیا جا سکا، سیکرٹری بورڈز تعینات نہیں کیے جا سکے ، اسی طرح گزشتہ کئی سالوں سے کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ سمیت بہت سے تعلیمی بورڈز چیئرمین سے بھی محروم ہیں۔ سپلا کے رہنماؤں نے کہاکہ ان نتائج کے حوالے سے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے سبجیکٹ وائز اساتذہ کی کمیٹیز تشکیل دے کر انہیں یہ اختیار دیا جائے کہ وہ ان امتحانی کاپیوں کو دوبارہ جانچیں۔سپلا کے رہنماؤں نے وزیراعلی سندھ وزیر تعلیم اور وزیر بورڈز اینڈ یونیورسٹیز سے مطالبہ کیا کہ وہ فورا سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں میرٹ پر چیئرمین بورڈز، ناظم امتحانات سیکرٹری بورڈز اورفئنانس ڈائریکٹر تعینات کریں۔