آتشزدگی کے مختلف واقعات،لاکھوں کاسامان خاکستر
کراچی( اسٹاف رپورٹر)یوپی موڑ پر الیکٹرونکس کے گودام اور احسن آباد میں فیکٹری میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، یوپی موڑ پر آگ لگنے سے عمارت میں دھواں بھرنے کے باعث فائر بریگیڈ کو ریسکیو آپریشن میں شدید دشواری کا سامنا رہا، گودام رہائشی عمارت میں غیر قانونی طور پر قائم کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق آگ یوپی موڑ پر قائم احسن سٹی ہوم نامی عمارت کی پہلی منزل پر غیر قانونی طور پر قائم الیکٹرونکس کے گودام میں لگی، آگ لگنے سے عمارت کی دیواروں میں ڈراڑے پڑگئی، مجموعی طور پر ۲فائر بریگیڈ کی پانچ سے زائد گاڑیوں نے دو گھنٹوں پر مشتمل ریسکیو آپریشن کے بعد قابو پایا، ریسکیو آپریشن کے دوران عمارت کی بجلی منقطع کرکے دیواروں کو بھی توڑا گیا، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صبح نو بجے اطلاع ملی تو آگ کی شدت زیادہ تھی، عمارت میں مناسب وینٹیلیشن نا ہونے کے باعث دھواں بھرنے سے ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، آگ شارٹ سرکٹ کی باعث لگی، دیگر عمارتوں کی طرح احسن سٹی ہوم میں بھی آتشزدگی سے بچاؤ کا کوئی انتظام موجود نہیں تھا، دوسری جانب احسن آباد میں واقع فیکٹری میں آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی جدوجہد شروع کی، ایک گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے دوران آگ پر قابو پایا گیا، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق دونوں مقامات پر آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا الیکٹرونک سامان اور کپڑا جل کر خاکستر ہو گیا۔