اغوا برائے تاوان کیس میں تفتیشی افسر پر عدالت برہم

اغوا برائے تاوان کیس میں تفتیشی افسر پر عدالت برہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے مقدمات میں تفتیشی افسر پر اظہار برہمی، عدالت نے ڈی آئی جی سی آئی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے ۔

سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ملیر میں اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے مقدمات میں چار ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ عدالت نے مغوی کے بیان لکھنے میں غلطی کرنے پر اے وی سی سی کے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا، جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ آپ بیان 29 دسمبر 2023 کو ریکارڈ کررہے ہیں اور اس میں 8 جنوری 2024 کا ذکر ہے ، یہ آپ کی نااہلی ہے ،کیوں نہ آپ کے خلاف انکوائری کی جائے ، عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کتنے عرصے سے بطور اے وی سی سی اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں؟ کون ہے آپ کا انچارج؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ وہ 2022 سے بطور اے وی سی سی پولیس میں کام کررہے ہیں۔ عدالت نے اے وی سی سی کے تفتیشی افسر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کو طلب کرلیا ہے ۔ وکیل درخوست گزار نے عدالت کو بتایا کہ چار ملزمان کے خلاف پولیس مقابلہ، بارودی مواد ،اغواء برائے تاوان اور ریکی کے الگ الگ مقدمے درج ہیں، ملزمان ایک سال سے جیل میں ہیں۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں