شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ، دو سی ٹی ڈی افسران فارغ

شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ، دو سی ٹی ڈی افسران فارغ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں اہلکاروں کے شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث ہونے پر انچارج محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی ایس پی یو راجہ فرخ یونس کو بھی عہدے سے فارغ کیا گیا، دونوں افسران کو سی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ مرکزی ملزم سی ٹی ڈی اہلکار علی رضا سمیت 7 ملزمان فرار ہیں جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث 8 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے شہری کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر ٹرانسفر کیے تھے ۔گزشتہ روز ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ متاثرہ شہری کے اکانٹ سے رقم ٹرانسفر کرنے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، تفتیش میں سی ٹی ڈی کے دیگر افسران اور اہلکاروں کے واردات میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ۔سی ٹی ڈی اہلکاروں کی شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ سے متعلق فوٹیج سامنے آئی تھی جس میں افسران کو سادہ لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک پولیس موبائل اور 3 اہلکاروں کو بھی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے ۔اے وی سی سی پولیس نے مزید پولیس اہلکاروں کی شناخت شروع کی تھی تاہم گرفتار ملزمان سے رقم کی برآمدگی نہ ہو سکی تھی۔ شہری نے منگھو پیر تھانے میں مقدمہ درج کروایا تھا کہ اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر ٹرانسفر کیے گئے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں