پاک فوج نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے ، ایم کیوایم

 پاک فوج نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے ، ایم کیوایم

حیدرآباد (نمائندہ دنیا)ایم کیو ایم حیدرآباد کے رہنماؤں نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف پاک افواج کے آپریشن \"بنیان مرصوص\" کو سراہتے ہوئے اسے قوم کی فتح اور دشمن کی عبرتناک شکست قرار دیا ہے ۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی اور ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک افواج کی جوابی کارروائی \"آپریشن بنیان مرصوص\" کو شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستانی قوم کی سربلندی اور افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہتے پاکستانی عوام کو نشانہ بنا کر بزدلی کا مظاہرہ کیا، مگر پاک افواج نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ دشمن کے ائیر ڈیفنس سسٹم، جنگی طیارے اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر واضح کر دیا کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ عالمی میڈیا بھی اس حقیقت کو رپورٹ کر رہا ہے کہ آپریشن سندور کو بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ ہم اپنی افواج کے شیر دل سپاہیوں اور افسروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کو اس کی سرزمین پر ہی منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں افواج پاکستان پر مکمل اعتماد رکھیں، اتحاد برقرار رکھیں اور کسی بھی قسم کی افواہوں یا منفی پروپیگنڈے سے دور رہیں۔ظفر احمد صدیقی نے کہا کہ وطن کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں