الخدمت کو ریکارڈ کھالیں ملیں ،عوام کے مشکور ، نوید بیگ

الخدمت کو ریکارڈ کھالیں ملیں ،عوام کے مشکور ، نوید بیگ

کراچی (این این آئی) چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کو اس عید الاضحی پر گزشتہ برس کے مقابلے میں ریکارڈ کھالیں ملی ہیں ۔ قربانی کی ریکارڈ کھالیں دینے پر اہل کراچی کے مشکور ہیں ۔

الخدمت کے تحت عیدالا ضحی پر سیکڑوں جانوروں کی فی سبیل اللہ قربانی کی گئی،جس میں اہل خیر نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قربانی کا گوشت مستحقین اور ضرورت مندوں تک پہنچایا گیا ۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے سیکڑوں رضاکاروں نے عید الاضحی کے تینوں دن نہ صرف گوشت کی تقسیم کے عمل میں حصہ لیا بلکہ چرم قربانی مہم میں بھی علاقائی سطح پر کھالوں کے مراکز پر مصروف عمل رہے ۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ شہر یوں نے بڑی تعداد میں اجتماعی قربانی میں بھی حصہ لیاجس کیلئے شہر کے تمام اضلاع میں قربان گاہیں قائم کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے اس عید الاضحی پر بھی فلسطینی بہن بھائیوں اور روہنگیائی مہاجرین کو عیدالاضحی کی خوشیوں میں شامل کیا اوران کیلئے قربانی کا اہتمام کر کے گوشت ان تک پہنچایا۔ قبل ازیں عید پرنوید علی بیگ نے الخدمت کے کھا لوں کے قائم مرکز کا بھی دورہ کیا اور وہاں کھالوں کی وصولی اور اس کو محفوظ بنانے کے عمل کا جائزہ لیا ۔ ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے قربان گاہوں کے دورے کیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں