کندھ کوٹ :تصادم میں 1ہلاک، 2زخمی،علاقے میں کشیدگی

 کندھ کوٹ :تصادم میں 1ہلاک، 2زخمی،علاقے میں کشیدگی

کندھ کوٹ،اندرون سندھ(نمائندگا ن دنیا) کندھ کوٹ کے قریب تھانہ غوثپور کی حدود میں اوگاہی قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان زمین کے تنازع پر تصادم ہوا جس میں فائرنگ کے نتیجے میں 35 سالہ بشیر اوگاہی جاں بحق جبکہ شفیق اور لالو اوگاہی زخمی ہو گئے ۔

 علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔ ٹنڈوآدم کی محمدی کالونی میں دیور نے چار بچوں کی ماں بیوہ بھابھی کو قتل کر دیا۔ مقتولہ کے شوہر کو ایک سال قبل قتل کیا گیا تھا اور دیت کی رقم پر تنازع کے باعث دیور کامران راجپوت نے ثمینہ کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔ روہڑی کے پٹنی تھانے کی حدود میں نوجوان علی جان چاچڑ کو مبینہ طور پر کلہوڑا برادری کے افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتول کے اہلخانہ نے لاش رکھ کر احتجاج کیا۔ مقتول کے چچا کے مطابق ان کی پسند کی شادی پر مخالفت کے بعد پہلے بھی حملے ہو چکے تھے ۔ایک اور واقعہ میں سی پیک انٹرچینج پر تیز رفتار کار حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں شاہد آرائیں موقع پر جاں بحق جبکہ جاوید آرائیں زخمی ہو گیا۔ دونوں کا تعلق پنجاب کے چشتیاں سے بتایا گیا ہے۔ جیکب آباد میں غیرت کے نام پر سسر نے اپنی بہو حلیمہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ الیاس نامی نوجوان زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔اسی شہر کے غریب آباد محلہ میں باپ اور بیٹا چند گھنٹوں کے وقفے سے حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ۔ شہزادو وگھن کو سانس کی تکلیف ہوئی، جب بیٹے کو والد کی موت کی اطلاع ملی تو وہ بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔ تلہار میں نشہ آور گولیاں کھانے سے نوجوان عمران جتوئی جاں بحق ہو گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں