پانی وبجلی عدم فراہمی پرلائنز ایریا کے مکینوں کا احتجاج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف لائنزایریا کے مکینوں کی جانب سے نیو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج کے باعث نیو ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے موسم میں کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے طویل لوڈ شیڈنگ نے ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر کردیے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے ۔علاقائی پولیس کی جانب سے کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے ایک گھنٹے سے زائد جاری احتجاج کو ختم کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔