بلدیاتی ملازمین کی فزیکل ویری فکیشن کا عمل شروع
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیاتی عملے کی تعیناتیوں میں بہتری، شفافیت کو یقینی بنانے اور سرکاری فرائض پر عملے کی حاضری کو فعال بنانے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام ملازمین کی فزیکل ویری فکیشن کے لیے احکامات جاری کیے ہیں۔
یہ فیصلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی اس سفارش کے تحت کیا گیا ہے جس میں کے ایم سی کے تمام انسانی وسائل کی اپ ڈیٹ اور درست تصدیق کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا، اس مہم کا مقصد محکمہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانا، فرضی ملازمین کا خاتمہ اور عملے کو مؤثر انداز میں تمام شعبوں میں تعینات کرنا ہے ، اس سلسلے میں میئر کراچی کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کئی محکموں میں ملازمین کی فزیکل ویری فکیشن کا عمل شروع کر دیا ہے جن میں محکمہ سٹی وارڈن، محکمہ پرنٹنگ پریس اور میڈیا مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ شامل ہیں ، فزیکل ویری فکیشن کے دوران عملے کی اسناد، حاضری اور فعال تعیناتی چیک کی جا رہی ہے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کی فزیکل ویری فکیشن کا مقصد ادارے میں شفافیت کو فروغ دینا اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنا ہے کیونکہ یہ چیزیں کراچی کے شہریوں کو بہتر بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے نہایت ضروری ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ اس عمل کے دوران کسی بھی قسم کی بے قاعدگی یا بدعنوانی سامنے آنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔