جامعہ کراچی:ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرشپ میں اضافہ

جامعہ کراچی:ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرشپ میں اضافہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی نے ایم فل اور۔۔

 پی ایچ ڈی طالبِ علموں کیلئے ماہانہ اسکالرشپ میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے ۔ پی ایچ ڈی اسکالرشپ کو50ہزار روپے سے بڑھا کر70ہزار روپے جبکہ ایم فل اسکالرشپ کو20ہزار روپے سے بڑھا کر30ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے ۔یہ فیصلہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹررضا شاہ کی زیرِ صدارت منعقدہ فیکلٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے اعلیٰ تعلیمی ڈگری پروگرام کے تحت آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی نے تعلیمی سال2025کیلئے اپنے بین الاقوامی شہرت یافتہ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کا اعلان کر دیا ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس ملک کے ان چند اداروں میں شامل ہے جو اپنے تمام ایم فل اور پی ایچ ڈی طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرتے ہیں، نئی پالیسی کے مطابق اب ایم فل طالبِ علموں کو ماہانہ30ہزار روپے جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کو70ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائیگا۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹررضا شاہ نے کہا کہ ادارے کی طالبِ علم دوست پالیسیاں اور جدید تحقیقی سہولتیں اعلیٰ تعلیم کے طلبہ کو معیاری تحقیق کی جانب راغب کریں گی۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان نے اعلان کیا کہ داخلوں میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار ایڈمیشن پراسپیکٹس اور فیس واؤچر جامعہ کراچی اورآئی سی سی بی ایس کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں