ملتان میوزیم کا افتتاح، تاریخی ورثہ عوام کیلئے کھول دیا گیا
ملتان میوزیم کا افتتاح، تاریخی ورثہ عوام کیلئے کھول دیا گیا میوزیم جنوبی پنجاب کی تاریخ، تہذیب و ثقافت کا اہم مرکز بن گیا، ڈی جی آثار قدیمہ
ملتان (وقائع نگار خصوصی)حکومتِ پنجاب اور محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر پنجاب کے زیر اہتمام عالمی یومِ عجائب گھر کے موقع پر 11کروڑ 17لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ملتان میوزیم کا افتتاح کر دیا گیا۔ 10 کنال رقبے پر قائم اس میوزیم کا افتتاح ڈی جی آثارِ قدیمہ پنجاب ظہیر عباس ملک نے کمشنر ملتان عامر کریم خاں کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر تاریخی و ثقافتی گیلریز کا دورہ بھی کیا گیا جبکہ شہریوں کیلئے داخلہ مفت رکھا گیا۔ڈی جی آثارِ قدیمہ پنجاب ظہیر عباس ملک نے کہا کہ ملتان میوزیم جنوبی پنجاب کی تاریخ، تہذیب اور ثقافت کا اہم مرکز بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصاً ملتان میں اب تک باقاعدہ آثارِ قدیمہ میوزیم موجود نہیں تھا، اس لئے اس منصوبے کا قیام ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میوزیم قوموں کی تہذیبی شناخت اور تاریخی ورثے کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میوزیم میں وادی سندھ تہذیب سے لے کر جدید دور تک کی تاریخ کو محفوظ کیا گیا ہے۔