نالوں کی صفائی میں غفلت ناقابلِ معافی، جماعت اسلامی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں نالوں کی صفائی کی بدترین صورتحال اور۔۔
کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں 400 مقامات پر چوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی و صفائی کے اعلانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نمائشی اقدامات سے عوام کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔اگر فوری اور ہنگامی بنیادوں پر نالوں کی صفائی مکمل نہ کی گئی تو اس کی سزا کراچی کے عوام کو بھگتنا پڑے گی اور قیمتی جانوں کو بھی خطرات لاحق رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ذمہ داری قابض میئر اور کے ایم سی کی تھی کہ مون سون سے قبل نالوں کی صفائی مکمل کی جاتی، لیکن کوتاہی برتی گئی۔ ایک ہفتہ قبل ہونے والی معمولی بارش میں ہی بڑے نالے اوورفلو ہو گئے اور سڑکیں زیر آب آ گئیں، جس سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ گزشتہ سال نالوں کی صفائی کے لیے 41 کروڑ روپے مختص کیے گئے ، مگر صفائی مکمل نہیں کی گئی۔ اس سال 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، اس کے باوجود چوکنگ پوائنٹس بدستور موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بارہا توجہ دلائی، اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے نالوں کا معائنہ بھی کیا، مگر میئر اور کے ایم سی نے سنجیدگی نہ دکھائی۔ اگر بارشوں سے قبل صفائی مکمل نہ کی گئی تو بڑے انسانی و مالی نقصان کا اندیشہ ہے ۔