ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،وقار مہدی
کراچی(سٹی ڈیسک )وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن، انکوائریز اینڈ امپلیمنٹیشن ٹیم، سینیٹر وقار مہدی نے۔۔
کہا کہ ضلع جنوبی کراچی کی ترقی اور عوامی مسائل کا حل حکومتِ سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی اسکیموں کی معینہ مدت میں تکمیل اور تعمیراتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی منصوبے میں غفلت یا کوتاہی سامنے آئی تو ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی اور غیر معیاری کام کرنے والی کنٹریکٹر کمپنی کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے ضلع جنوبی میں سالانہ ترقیاتی پروگرام اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر نجمی عالم، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو، ڈائریکٹر جنرل سی ایم آئی ٹی ڈی عبدالسلام میمن اور دیگر افسران شریک تھے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع جنوبی میں بلدیہ عظمیٰ اور کے ڈی اے کی 8 ترقیاتی اسکیموں میں سے 7 مکمل ہوچکی ہیں جبکہ ایک اسکیم پر 42 فیصد کام ہوچکا ہے ۔ ان اسکیموں کی مجموعی لاگت 591 ملین روپے سے زائد ہے ۔ ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کے تحت 26 نئی اسکیموں پر 52 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے کام تیزی سے جاری ہے ۔سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ یہ تمام اسکیمیں عام شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور ریلیف دینے کے لیے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی اسکیموں کی انسپیکشن اور معیار کی جانچ کرکے جلد رپورٹ پیش کریں۔