پپری سندھی گوٹھ سے 11سالہ بچی کے اغوا کامقدمہ درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بن قاسم تھانے کی حدود پپری سندھی گوٹھ سے 11 سالہ بچی کے مبینہ اغوا کا واقعہ پیش آیا۔ بچی کے والد آصف ابڑو کی مدعیت میں بن قاسم تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اس سلسلے میں بچی کی والدہ امتیاز ابڑو اور رانی ابڑونے ڈسٹرکٹ پریس کلب ملیر پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ہماری معصوم 11 سالہ بیٹی انیلا ابڑو اپنے چھوٹے بھائی وسیم ابڑو کے ساتھ 8 جولائی کو صبح 11 بجے اپنی اسکول کی دوست زینب رند کے گھر گئی تھی۔ وہاں سے وہ تقریباً ڈھائی بجے واپس نکلی مگر گھر نہیں پہنچی۔ اسی دوران پڑوسیوں نے اشارہ دیا کہ انیلا ابڑو کو مگسی برادری کے افراد آفتاب، مہتاب، الطاف، ثاقب اور ہاشم مگسی اغوا کر کے لے گئے ہیں۔ واقعے کے خلاف جب ہم بن قاسم تھانے گئے تو پولیس نے 30 ہزار روپے رشوت طلب کی۔