سندھ پیپلز ہاؤسنگ :سیلاب متاثرین میں گھروں کی مالکانہ اسناد تقسیم
سکھر (بیورو رپورٹ)سکھر کے علاقے نصیر آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر سیلاب و بارش متاثرہ افراد کو سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے تحت گھروں کی مالکانہ اسناد دی گئیں ۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر رکن سندھ اسمبلی سید فرخ شاہ نے نصیر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے تحت سیلاب اور بارش سے متاثرہ 150 سے زائد خاندانوں میں گھروں کے مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر راجہ ایم بی دھاریجو سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے ۔ اسناد تقسیم کی تقریب نصیر آباد میں منعقد ہوئی جہاں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید فرخ شاہ نے کہا کہ گھروں کی مالکانہ اسناد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عوام دوست سوچ کا عملی مظہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اسناد کو خواتین کے نام پر جاری کیا جا رہا ہے تاکہ خاندانوں کو معاشی تحفظ کے ساتھ ساتھ سماجی استحکام بھی حاصل ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام غربت مٹانے ، امیر اور غریب کے درمیان فرق ختم کرنے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کی سمت ایک بڑا اور انقلابی قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب و بارش متاثرین کے لیے گھروں کی فراہمی اور ان کے قانونی حقوق تسلیم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے ۔ اس موقع پر عوام کی جانب سے اس اقدام کو خوب سراہا گیا۔