لاڑکانہ :طبی سہولتوں کے فقدان، وارداتوں کیخلاف احتجاج
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) عوامی ورکرز پارٹی لاڑکانہ سٹی کی جانب سے سرکاری اسپتالوں میں دواؤں اور خاص طور پر سگ گزیدگی کی ویکسین کی قلت کے خلاف لاڑکانہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے پارٹی کے جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا کر شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کی قیادت ساحل گدا حسین بروہی، علی بلوچ، ظفر مگسی، احمد علی جتک، سکندر چانڈیو، اعجاز مگسی، کامران بروہی، خدا ڈنو، پروفیسر منظور کلہوڑو اور صوبائی نائب صدر ذوالفقار بروہی نے کی۔رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ کے سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت ہے ، جب کہ سگ گزیدگی کے کیسز کے لیے ویکسین بالکل دستیاب نہیں، جو کہ محکمہ صحت سندھ کی سنگین غفلت اور نااہلی کا نتیجہ ہے ۔ دوسری جانب لاڑکانہ شہر کی سچل کالونی کے مدرسے کے طلبہ نے بھی گزشتہ شب ڈکیتی کی واردات کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ طالبعلم محمد عادل تونیو اور محمد عمر بگٹی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد گھر جارہے تھے کہ سر شاہنواز بھٹو پارک کے قریب دو مسلح افراد نے انہیں یرغمال بناکر ان کی موٹرسائیکل، 15 ہزار روپے نقدی اور 2 موبائل فون چھین لیے ۔مظاہرین نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے ان کا سامان واپس دلایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔