مٹھیانی میں تصادم، بیٹے کے بعد ماں بھی صدمے سے جاں بحق
محراب پور ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) کرونڈی کے رہائشی اسکول ٹیچر ارشاد شر نے مبینہ طور پر سود خور مافیا کے مظالم سے تنگ آکر نصرت کینال میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ 24 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد نعش برآمد کر کے ورثاء کے حوالے کی گئی۔
اسی روز محراب پور تھانے کی حدود میں پولیس کانسٹیبل ندیم راجپر کے کپڑے ، جوتے اور خط روہڑی کینال کنارے سے ملے ۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نے بھی سود خور مافیا سے تنگ آ کر مبینہ خودکشی کی ہے۔ تلہار سے تعلق رکھنے والا محنت کش پرکاش میگھواڑ مکان کی چھت سے گرکر شدید زخمی ہوگیا تھا جو کراچی کے اسپتال میں انتقال کرگیاجب کہ مٹھیانی میں مستوئی اور سیال برادری میں رشتہ داری کے تنازعے پر جھڑپ ہوئی، جس میں نوجوان پیارو خان مستوئی جاں بحق ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر صدمے سے اس کی والدہ بھی چل بسی، دو اموات پر گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ کشمور کے قریب انڈس ہائی وے پر کسٹم چیک پوسٹ کے نزدیک ٹرک کے نیچے آ کر 12 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ لاڑکانہ میں کوثر مل کے علاقے میں 35 سالہ الیکٹریشن اظہر حسین ٹرانسفارمر پر کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ادھر چانڈکا اسپتال کے ای این ٹی وارڈ میں سیل نکالنے کے آپریشن کے دوران جعفر آباد کی ڈھائی سالہ الفت لاشاری دم توڑ گئی۔ جس پر لواحقین نے عملے پر غفلت کا الزام عائد کیاہے۔