کنڈیارو :سیاہ کاری کے الزام میں خاتون قتل، ملزم فرار

 کنڈیارو :سیاہ کاری کے الزام میں خاتون قتل، ملزم فرار

کنڈیارو ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) کنڈیارو کے علاقے درس میں سیاہ کاری کے الزام پر دیور نے اپنی بھابھی رخسانہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

 مقتولہ پانچ بچوں کی ماں تھی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے لاش کو مورو اسپتال منتقل کر دیا اور تفتیش جاری ہے ۔ محراب پور کے گاؤں چنگل خان ڈاہری سے لاپتہ نوجوان ارسلان ڈاہری کی لاش یوسف ڈاہری ریگولیٹر روہڑی کینال سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق نوجوان ذہنی طور پر بیمار تھا۔ مورو ہی سے تعلق رکھنے والا نوجوان عمران چنہ درگاہ حضرت بلاول شاہ نورانی (لاہوت) کے پہاڑ سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ وہ دوستوں کے ساتھ زیارت کے لیے گیا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ روہڑی میں کوٹ سرائے گوٹھ میں پلاٹ کے تنازعے پر بھٹی اور بھمبھرو برادریوں میں خونریز جھگڑا ہوا۔ کلہاڑیوں، اینٹوں اور لاٹھیوں کے استعمال سے 5خواتین اور 2بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے ، جنہیں تعلقہ اسپتال اور سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا۔ متاثرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس پر جانبداری کا الزام عائد کیا۔ لاڑکانہ کے نیو بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار 50 سالہ غلام مصطفیٰ ملانو کو کچل دیا، جو موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ بلڑی شاہ کریم میں درخت کاٹنے کے دوران 40 سالہ مزدور ناو سمون بلند شاخ سے گر کر جاں بحق ہو گیا۔ ناو محنت مزدوری سے اپنے غریب خاندان کی کفالت کر رہا تھا۔ علاقہ مکینوں نے حکومت سے متاثرہ خاندان کی مالی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں