میرپورخاص:سول اسپتال میں بچوں کے کینسر وارڈ کے قیام کا فیصلہ

 میرپورخاص:سول اسپتال میں بچوں کے کینسر وارڈ کے قیام کا فیصلہ

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سول اسپتال میرپورخاص میں بچوں کے کینسر سے تحفظ اور علاج کے لیے علیحدہ وارڈ کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 اس ضمن میں ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی کی زیر صدارت کمشنر کمیٹی ہال میں انڈس ہسپتال کراچی کے وفد سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں بچوں کے لیے کینسر وارڈ کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈویژنل کمشنر نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مثبت قدم سے میرپورخاص بلکہ تھرپارکر، عمرکوٹ اور ملحقہ علاقوں کے بچوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔اس موقع پر انڈس ہسپتال کراچی کے ڈاکٹر سید احمر حامد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں سالانہ 2 سے ڈھائی ہزار بچے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں، جن میں سے 1500 سے زائد بچے دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں سے اکثر کو کراچی آنے میں مالی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ، جس کے پیش نظر میرپورخاص میں ہی ابتدائی علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔بعد ازاں کمشنر کی کوششوں سے انڈس ہسپتال کے وفد نے سول اسپتال کے بچوں کے وارڈ کا دورہ کیا اور دوسری منزل پر کینسر وارڈ کے لیے مخصوص جگہ کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں انڈس اور سول اسپتال کی انتظامیہ ملکر وارڈ کے قیام، آلات اور سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کریں گی۔اجلاس اور دورے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امجد اعظم، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہیمجی چوہان، چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر وجیہہ حسن، انڈس اسپتال کے ڈاکٹر غلام قادر پٹھان، ڈاکٹر نعیم جبار اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں