نوجوانوں نے نمبر پلیٹس کی جبری منتقلی مستردکردی، منعم ظفر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے موٹر سائیکل و گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کی جبری منتقلی، اس کی آڑ میں رشوت و کرپشن اور سرکاری بھتہ خوری کے۔۔۔
خلاف اتوار کو فائیو اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد تا فریسکو چوک برنس روڈ تک عظیم الشان بائیک ریلیکے انعقاد پر کراچی کے نوجوانوں اور عوام کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اہل کراچی اور بالخصوص نوجوانوں نے سندھ حکومت کی نمبر پلیٹوں کی جبری منتقلی، رشوت و کرپشن اور حکومتی بھتہ خوری کو مسترد کر دیا ہے ، حکومت ہوش کے ناخن لے ، نمبر پلیٹوں کی جبری تبدیلی کا فیصلہ واپس اور بھاری جرمانوں و چالانوں کا سلسلہ بند کرے ۔ منعم ظفرنے کہا کہ بائیک ریلی میں شریک نوجوانوں کے عزم اور حوصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر حکومت نے اپنا فیصلہ واپس اور محکمہ پولیس نے اپنا رویہ اور طرزِ عمل تبدیل نہ کیا تو اسے اس سے زیادہ شدید ردِ عمل اور احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا، نمبر پلیٹوں کی جبری تبدیلی کیخلاف جماعت اسلامی کے پُر امن احتجاج کی کال عوام اور نوجوانوں کے دل کی آواز تھی ،اس لیے پورے شہر سے نوجوان جوق در جوق نکل کر بائیک ریلی میں شریک ہوئے ، حکومتی فیصلے اور اقدامات سے نوجوانوں کے اندر شدید غم و غصہ اور اشتعال پایا جاتا ہے اور اگر ان نوجوانوں کو وزیر اعلیٰ ہاؤس سمیت کسی اور مقام پر احتجاج کیلئے بلایا گیا تو نوجوان اس سے زیادہ تعداد میں نکلیں گے ۔