افسران عوامی شکایات کا حل ترجیح بنائیں،اسداللہ خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان سے رکنِ سندھ اسمبلی محمد فاروق اعوان نے ملاقات کرکے کورنگی میں فراہمی و نکاسی آب سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر واٹر کارپوریشن کے تمام چیف انجینئرز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران رکنِ سندھ اسمبلی محمد فاروق اعوان نے اپنے حلقے میں پانی اور سیوریج سے متعلق درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی اور ان کے مستقل حل کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں سی او او نے کورنگی کے تمام مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کرنے کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور عملی اقدامات میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد خاتمہ ممکن بنایا جا سکے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور کورنگی کے عوامی مسائل کا مستقل بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے ۔ سی او او نے اس بات پر زور دیا کہ منتخب نمائندوں کی جانب سے موصول ہونے والی عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کے فوری حل کو افسران اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انجینئر اسداللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کی اولین ترجیح شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔