ایس ایم آئی یو کا کانووکیشن:376ڈگریاں تفویض
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا چھٹا کانووکیشن مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس میں 376 گریجویٹس کو ڈگریاں جبکہ بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے 27 طلبہ میں گولڈ، سلور اور ۔۔
کانسی کے مجموعی طور پر 27 تمغے تقسیم کیے گئے ۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ تھے ۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی، ایچ ای سی چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع اور سی آئی ای سی چیئرمین ڈاکٹر سروش حشمت لودھی بھی موجود تھے ۔تمغے حاصل کرنے والے نمایاں طلبہ میں فیکلٹی آف مینجمنٹ سے یسریٰ اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز سے صدف خالد شامل تھیں، جنہوں نے سونے ، چاندی اور کانسی تینوں تمغے حاصل کر کے مثال قائم کی۔چاندی کے تمغے حاصل کرنے والوں میں ماہنور فاطمہ، محمد احمد انصاری، اعزاز احمد، ندا اکرم، ہمنہ لاکھانی، وردہ منظور، ایمن اور دعا صدیقی شامل تھے ۔کانسی کے تمغے حاصل کرنے والے طلبہ میں بھی انہی فیکلٹیز کے نام نمایاں رہے ،جہاں خواتین نے مجموعی طور پر مردوں سے زیادہ تمغے حاصل کیے ۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی ایک تاریخی درسگاہ ہے ، جہاں سے تعلیم حاصل کرنا ایک اعزاز ہے کیونکہ یہ قائداعظم محمد علی جناح کی مادرِ علمی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ نوجوان وہی پاکستان بنائیں گے جو قائداعظم کا خواب تھا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ قومی فخر کی علامت ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا ثمر ہے ۔