زیر زمین پانی کے لائنس اجرا میں بے ضابطگیاں:واٹر کارپوریشن کا انجینئر معطل،دو افسران کو شوکاز نوٹس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر کارپوریشن میں زیر زمین پانی کے لائنس میں بے ضابطگیاں اور بغیر اجازت لائنس کا اجراء کرنے پر دو افسران کے خلاف بڑی کارروائی اور محکمہ جاتی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ۔۔
تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر کارپوریشن کے انجینئر محمد سبحان اختر کے خلاف محکمانہ انکوائری کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ واٹر کارپوریشن انتظامیہ نے انجینئر محمد سبحان کو بغیر اجازت سب سوائل لائسنس جاری کرنے پر فوری معطل کر دیاہے ۔ انجینئر پر الزام ہے کہ انہوں نے سیکیورٹی افسر کی غیر مجاز منظوری پر سب سائل واٹر کا پرمٹ جاری کیا،اس کے ساتھ ساتھ چیف سیکیورٹی آفیسر و کنوینر سب سائل واٹر کمیٹی لیفٹیننٹ کرنل (ر)ایم انجم توقیر ملک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ سیکیورٹی آفیسر پر سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی، نگرانی میں ناکامی اور اطلاع نہ دینے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ چیف سیکیورٹی آفیسر کو تین روز میں وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ،بصورت دیگر محکمانہ کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے ۔ معطل انجینئر کو فوری طور پر ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔کراچی واٹر کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر کو محکمانہ انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے ۔ انکوائری افسر کو 15 دن میں رپورٹ تیار کر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انکوائری میں الزامات کی جانچ، ملزم کو صفائی کا موقع، گواہوں کے بیانات اور تمام شواہد کا جائزہ شامل ہوگا ۔واٹر کارپوریشن نے تمام کارروائی ضابطہ اخلاق اور قدرتی انصاف کے اصولوں کے مطابق مکمل کرنے کا حکم دیا۔