ٹریفک پولیس اپنی بھتہ خوری بند کرے ،منعم ظفر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔۔۔
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں 29روپے کا اضافہ کرکے عوام پر پٹرول بم گرا دیا ہے ۔ حکمرانوں کی عیاشیاں کسی صورت کم ہونے کا نام نہیں لیتیں، یہ آئی ایم ایف کے غلام اور اس کے ایجنڈے پر آنکھیں بند کرکے عمل کر رہے ہیں۔ منعم ظفر نے قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی بس پر فائرنگ، تین افراد کے شہید اور متعد دکے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ریاست کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے ۔ ریاست کا بنیادی فرض عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے لیکن یہ اس میں مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت و شہداء کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں،منعم ظفر خان نے کہاکہ جبری نمبر پلیٹوں کی منتقلی کے ذریعے بائیک اور گاڑی مالکان پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے جو سراسر ظلم ہے ۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ یہ بوجھ ختم کیا جائے ، ٹریفک پولیس اپنی بھتہ خوری بند اور عوام کو تنگ نہ کرے ۔ اگر عوام کا صبر جواب دے گیا تو وہ گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے ۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی نے قلات میں پیش آنے والے دہشت گردی کے افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے پی آئی بی کے رہائشی تین معروف قوالوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔