ٹیکنیکل بورڈ نے میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا
کراچی (این این آئی)سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے ٹیکنیکل اسکول سرٹیفکیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا تناسب 86.27 فیصد رہا۔
امتحانات میں سندھ بھر سے 1887 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 1628 امیدوار کامیاب ہوئے ۔ بورڈ چیئرمین مشرف علی راجپوت کی صدارت میں ایک امیدواران کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کامیاب امیدواروں اور پوزیشن ہولڈرز کو شیلڈ، میڈل اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ حافظ محمد شہیر ولد عبد علیم نے پہلی پوزیشن ،دوسری پوزیشن محمد شامیخ احمد ولد اقبال احمد نے جبکہ تیسری پوزیشن حیدرآباد کی وجیہہ شاہ بنت جعفر شاہ نے نے حاصل کی۔ مشرف علی راجپوت نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے ، اور آپ کا مستقبل روشن ہے ۔آپ کا آنے والا کل پاکستان کا مستقبل ہے ، اور آپ کے قدموں سے ہی ملک کی ترقی جڑی ہوئی ہے ۔ناظم امتحانات سید اختر علی شاہ نے کامیاب امیدواروں کو دل و جان سے محنت کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے ہمیشہ لگن سے کام کریں، اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں۔پوزیشن ہولڈرز کو شیلڈ، میڈل اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ بورڈ کے ترجمان زوہیب احمد خان نے کہا کہ ان انعامات کا مقصد طلبا کی محنت کی قدر کرنا اور انہیں مزید حوصلہ دینا ہے ۔