سی ای او پاکستان اسٹیل مل کی رہائشگاہ کا گھیراؤ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسٹیل مل کے مزدوروں کو گھروں سے بے دخل کرنے ، بقایا تنخواہیں نہ دینے اور گیس و پانی کی بندش کے۔۔۔
خلاف اسٹیل مل کے مزدوروں نے بڑی تعداد میں سی ای او پاکستان اسٹیل مل کی رہائشگاہ اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا گھیراؤ کیا اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مزدور رہنما دھنی بخش سموں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل مل انتظامیہ ایک طرف گیس اور پانی بند کر رہی ہے اور دوسری طرف کالونی میں رہنے والے ملازمین کو روزانہ دھمکیاں دے کر گھر خالی کرانے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل انتظامیہ ملازمین کو ان کے بقایاجات ادا نہیں کر رہی، حالانکہ لیبر کورٹ اس حوالے سے فیصلہ دے چکی ہے ، لیکن اس کے باوجود موجودہ سی ای او ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ملازمین کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر یوسی چیئرمین راؤ صفدر حیات نے کہا کہ اسٹیل مل کی ناانصافیوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، ملازمین کے جتنے بھی حقوق ہیں، انہیں فوری طور پر ادا کیا جائے ۔ گزشتہ ایک مہینے سے گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن کا پانی بند کیا ہوا ہے ۔ اگر مزدوروں سمیت گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن میں پانی، گیس اور گھروں سے بے دخلی کی دھمکیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اسٹیل ٹاؤن میں رہنے والے مزدور اور گلشن حدید کے رہائشی سخت ترین احتجاج کریں گے ۔