دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی جزوی معطل

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی جزوی معطل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کی جانب سے منگل (آج)کو بن قاسم کلسٹر کے تحت آنے والے دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر ضروری مینٹی ننس کا کام انجام دیا جائے گا۔

 جس کے باعث کراچی کے سب سے اہم دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شٹ ڈاؤن کا دورانیہ مجموعی طور پر 9 گھنٹے پر محیط ہوگا کیونکہ مینٹی ننس کا یہ عمل منگل (آج)کو صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی اس معطلی کے باعث کراچی شہر کو پانی کی فراہمی میں 85 ملین گیلن تک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے نتیجے میں لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی۔ واضح رہے کہ اس وقت کراچی شہر کو یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے ، تاہم مینٹیننس کے دوران 565 ملین گیلن پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ شٹ ڈاؤن کے الیکٹرک کے ڈپٹی جنرل منیجر برائے گرڈ سسٹم آپریشنز کی جانب سے واٹر کارپوریشن کو موصول ہونے والی باقاعدہ درخواست کی بنیاد پر عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط سے کام لیں، غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور ادارے سے بھرپور تعاون کریں تاکہ اس عارضی صورتحال کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں