ملک کا سب سے بڑا انٹرن شپ پرگرام کامیابی سے مکمل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی کے تحت بی ایس اور ایم فل گریجویٹس کے لیے پاکستان کا بڑا سب سے بڑا18واں سمر انٹرن شپ پروگرام برائے سال2025کامیابی سے مکمل ہوگیا۔
آئی سی سی بی ایس کے گولڈن جوبلی ہال میں ہفتے کو منعقدہ تقسیمِ اسناد کی ایک شاندارتقریب میں آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے ملک بھر کی27مختلف جامعات اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے 125طلبہ و طالبات میں انٹرن شپ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔ اس تقریب میں ادارے کے اساتذہ بشمول انٹرن شپ پروگرام کی کوآرڈینیٹرپروفیسر ڈاکٹرعصمت سلیم، محققین، طلبہ و طالبات اور کامیاب انٹرنیز نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے طلبہ کو ان کی محنت،لگن اور علم و تجربہ حاصل کرنے کے جذبے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے ملک پاکستان کی قدر کریں جو بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک عظیم روایات، قدرتی وسائل، نوجوانوں کی بڑی تعداد، اور خاص طور پر ایک منفرد جغرافیائی محل وقوع کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ آئی سی سی بی ایس کے لیے ایک نمایاں کامیابی ہے کہ اس نے ملک کا سب سے بڑا انٹرن شپ پروگرام منعقد کیا جو حیاتیاتی اور کیمیائی علوم،تشخیصی لیب، انڈسٹریل اینالٹیکل سینٹر اور سینٹر فار بایو ایکویویلنس اسٹڈیز اینڈ کلینیکل ریسرچ سمیت کئی شعبوں میں معیاری تربیت فراہم کرتا ہے ۔