شہر کی خوبصورتی بحال کرنے کیلئےجامع آپریشن کا آغاز

شہر کی خوبصورتی بحال کرنے کیلئےجامع آپریشن کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے انفرااسٹرکچر کی حفاظت اوراس کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے لیے ایک جامع آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔۔۔

 جس کا مقصد اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر بغیر اجازت نصب کی گئی تاروں اور کیبلز کا خاتمہ ہے ۔یہ آپریشن میئر کراچی کی واضح ہدایات پر شروع کیا گیا ہے جس میں مختلف نجی کمپنیوں کی جانب سے بغیر اجازت اور بے ترتیب انداز سے کی جانے والی اوور ہیڈ اور زمینی کیبلز کی تنصیب کا خاتمہ کیاجارہا ہے ، آپریشن کا آغاز شہر کی مصروف ترین شارعِ فیصل سے کیا گیا ہے جہاں سٹی وارڈن کی ٹیموں نے مختلف چوراہوں اور فٹ پاتھوں سے غیر قانونی کیبلز کو کاٹنے اور ہٹانے کی کارروائیاں کامیابی سے مکمل کیں، دورانِ کارروائی ایسی متعدد گاڑیاں جو دوبارہ کیبلز لگانے میں ملوث تھیں موقع پر ہی ضبط کر لی گئیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا،اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان دانیال سیال نے کہا کہ یہ آپریشن صرف ظاہری آلودگی کے خلاف نہیں بلکہ ان غیرقانونی کیبلز کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرات کے خاتمے کے لیے ایک اہم اقدام ہے ، ان کیبلز کی وجہ سے ماضی میں کئی حادثات پیش آ چکے ہیں اور ہم شہریوں کے لیے محفوظ اور منظم ماحول کی بحالی کے لیے پُرعزم ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد نجی کیبل، انٹرنیٹ اور دیگر یوٹیلیٹی کمپنیوں کے کاموں کو ایک باقاعدہ اور قانونی دائرہ کار میں لانا بھی ہے تاکہ بغیر اجازت عوامی انفرااسٹرکچر پر قبضے کی روش کو ختم کیا جا سکے ،ہم چاہتے ہیں کہ تمام کمپنیاں اجازت لے کر اور ضابطے کے تحت اپنی تنصیبات کریں، دانیال سیال نے واضح کیاکہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سٹی وارڈنز اور انفورسمنٹ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ یہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے اور اسے شہر کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالتی ہیں یا شہری نظم کو متاثر کرتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں