یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے شیڈول کا اعلان

یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے شیڈول کا اعلان

کراچی(سٹی ڈیسک)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم آزادی کی تقریبات اور معرکہ حق کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی ۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں مختلف بینکوں کے صدور اور سی ای اوز، معروف صنعتکاروں اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر صنعت جام اکرام دھاریجو، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے سیکرٹری رحیم شیخ، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سال یوم آزادی ‘‘معرکہ حق’’ کے تھیم کے مطابق شاندار انداز سے منایا جائے گا۔ انہوں نے ملک بھر کے تمام بینکرز اور ممتاز صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ تقریبات میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں کو آرائشی لائٹنگ سے روشن کیا جائے گا۔ ریلیاں، پریڈ، کھیلوں کی سرگرمیاں، تعلیمی اداروں میں تقریبات، ٹاک شوز اور مالز میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔محکمہ ثقافت 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم میں عوامی کنسرٹ اور آتش بازی کا مظاہرہ کرے گا۔ 13 اگست کو سی ویو اور شارع فیصل پر ثقافتی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ محکمہ کھیل کی جانب سے کیپٹن سرور شہیدا سپورٹس گالا کا انعقاد 13 اگست کو گلستان جوہر میں کیا جائے گا۔ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن جہانگیر کوٹھاری میں ایک کنسرٹ اور آتش بازی کا مظاہرہ کرے گی، جس کے تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔محکمہ کھیل 10 اگست کو نشان پاکستان اور دو دریا میں میراتھن کا انعقاد کرے گا۔ اسی دن محکمہ کھیل سی ویو پر ڈنکی کارٹ ریس کا انعقاد کرے گا۔محکمہ فشریز 9 اگست کو بندرگاہ اور کیماڑی میں کشتیوں کی دوڑ کا انعقاد کرے گا۔محکمہ ثقافت کی جانب سے 13 اگست کو شہر سے چوکنڈی قبرستان تک خواتین کی بائیک ریلی نکالی جائے گی۔3 اگست کو محکمہ کھیل فیرئیر ہال سے مزار قائد تک سائیکل ریس کا انعقاد کرے گا۔بینکرز اور صنعتکار سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی سربراہی میں وزراء کی کمیٹی سے ملاقات کریں گے ۔ اجلاس میں صنعتکار اور بینکرز یوم آزادی کے پروگراموں کو حتمی شکل دیں گے ۔تمام بینکرز اور صنعتکاروں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو یوم آزادی کی تقریبات کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں