پیپلز پارٹی وڈیروں کا ٹولہ، مرتضیٰ وہاب ماؤتھ پیس،منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کے ہمراہ ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی جاگیرداروں اور وڈیروں کا ٹولہ ہے اور مرتضیٰ وہاب ان کے ماؤتھ پیس ہیں۔۔۔
شہرمیں بارشوں نے حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کو بے نقاب کردیا۔ سندھ حکومت اور قابض میئر عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے ہنگامی طور پر 500 ارب روپے اور ہر ٹاؤن کو 2 ارب روپے ترقیاتی فنڈ دیا جائے ، پی ایف سی ایوارڈ فوری جاری کیا جائے اور کے فور منصوبہ مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم یو سی ٹیکس یونین کونسل کو دیا جائے تاکہ گلی محلوں میں ترقیاتی کام ہوسکیں۔منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن شہریوں کے لیے عذاب بن چکی ہے ۔ گلیوں میں گٹر کا پانی بہہ رہا ہے ، شاہراہ بھٹو اور حب کینال دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جبکہ ریڈ لائن منصوبہ اور کریم انڈر پاس شہریوں کے لیے وبال جان بن گئے ہیں۔ نالوں کی صفائی کے لیے گزشتہ دو برس میں مختص 100 کروڑ روپے بھی کرپشن کی نذر ہوگئے ، جس کے نتیجے میں ہر بارش کے بعد شہر ڈوب جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے پندرہ سال میں صوبے کو جو ترقیاتی بجٹ ملا اس میں کراچی کا حصہ صرف 37 فیصد رہا۔ 1472 ارب روپے میں سے کراچی کو محض 416 ارب ملے جبکہ انفرااسٹرکچر اور اوکٹرائے ٹیکس میں تقریباً 1000 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔