منافقوں کے دباؤ کے باوجود کام کروا کر دکھایا ،مرتضی وہاب
کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم نے کراچی میں منافقوں کے دباؤ کے باوجود کام کروا کر دکھایا ہے ، نیو کراچی کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ان کے علاقے میں ترقیاتی کام شروع ہو چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفاری پارک میں پاکستان کے سب سے بڑے جدید ٹریمپولین پارک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میئر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خدمت کے جذبے کے ساتھ شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام جاری رکھے گی، ہم نیک نیتی کے ساتھ شہر کے تفریحی مقامات پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ شہریوں خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو صحت مند تفریحی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں، انہی اقدامات کے تسلسل میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سفاری پارک ویران ہو چکا تھا، یہاں کوئی سہولیات موجود نہیں تھیں لیکن گزشتہ دو برسوں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے جو کام کیے ، ان کے مثبت نتائج اب سامنے آرہے ہیں۔ آج سینکڑوں فیملیز چھٹی کے دن سفاری پارک کا رخ کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے دو دیگر مقامات پر بھی ٹریمپولین پارکس موجود ہیں لیکن سفاری پارک میں فراہم کی جانے والی سہولیات بہترین معیار کی ہیں اور عوام کو مناسب نرخوں پر دستیاب ہیں۔