ریٹائرڈ سب انسپکٹر پر اغوا کا الزام، ایس ایس پی کیماڑی طلب
ریٹائرڈ اہلکار تھانے میں کام کیسے کر سکتا ہے ؟ عدالت کا تفتیشی افسر سے استفسار شہری کا5ماہ بعد بھی سراغ نہ مل سکا، رپورٹ 14 نومبر تک طلب کرلی گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں مومن آباد تھانے کی حدود سے شہری اسرار احمد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایس ایس پی کیماڑی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا اور مزید سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کے بھائی اسرار احمد کو ریٹائرڈ سب انسپکٹر پارس نے اٹھایا ہے ۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ایک ریٹائرڈ پولیس اہلکار تھانے میں کیا کام کر رہا تھا؟ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریٹائرڈ سب انسپکٹر پارس تھانے میں منشی کا کام کرتا تھا۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ جب وہ 2019 میں ریٹائرڈ ہوچکا تھا تو کس قانون کے تحت وہ تھانے میں کام کرتا رہا؟سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ لاپتہ شہری کے اغوا میں دو ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے اور ان دونوں کے خلاف چالان بھی جمع کرایا جاچکا ہے ۔ تاہم پانچ ماہ گزرنے کے باوجود اسرار احمد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ لاپتہ شہری کا سی ڈی آر کہاں ہے ؟ جس پر پولیس نے جواب دیا کہ جس دن شہری اغوا ہوا تھا اسی دن سے اس کا موبائل نمبر بند آرہا ہے ۔ عدالت نے ایس ایس پی کیماڑی کو ہدایت دی کہ وہ واقعے پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں تاکہ لاپتہ شہری کی بازیابی کے لیے پیش رفت کا تعین کیا جا سکے ۔ سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔