چینی کی قیمت میں 25روپے کمی متوقع،چاول اور دالیں سستی

چینی کی قیمت میں 25روپے کمی متوقع،چاول اور دالیں سستی

ہول سیل مارکیٹ میں دال 70 اورچاول کی قیمت میں 100روپے کلو کمی ذخیرہ اندوزوں کیخلاف اقدامات سے مزید بہتری ممکن،عبد الرؤف ابراہیم

کراچی (رپورٹ :حمزہ گیلانی)شہر قائد میں مسلسل بڑھتی مہنگائی سے پریشان شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری سننے کو مل گئی ۔ہول سیل مارکیٹ میں چاول اور دالوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ کراچی گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبد الروف ابراہیم نے دنیا نیوز کو بتایا کہ بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں کمی،مقامی فصلوں کی دستیابی اور درآمدات میں بہتری کے باعث اشیائے خورونوش کی لاگت میں واضح کمی آرہی ہے ۔اسی ضمن میں ہول سیل مارکیٹوں میں مختلف اقسام کی دالوں کی قیمتوں میں کم از کم 50 روپے اور زیادہ سے زیادہ 70 روپے فی کلو کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔

آئندہ چند روز میں مزید 30 سے 40 روپے فی کلو کمی متوقع ہے ۔ عبد الرؤف ابراہیم نے بتایا کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کے فارورڈ سودے 140 روپے فی کلو میں طے ہورہے ہیں جبکہ چند ہفتوں میں چینی کی ہول سیل قیمت 175 روپے سے کم ہوکر 150 روپے فی کلو تک آنے کی توقع ہے ۔ہول سیل مارکیٹ میں باسمتی چاول کی قیمت 350 روپے سے کم ہوکر 250 روپے فی کلو تک آگئی ۔ اگر حکومت درآمدی لاگت میں استحکام برقرار رکھے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات جاری رکھے تو چینی، دالوں اور چاول سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل برقرار رہ سکتا ہے اس سے عام صارف کو ریلیف ملنے اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی کی قوی امید کی جارہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں