تاجر و ں کو بھتے کی پرچیاں حکومت کی گورننس پر طمانچہ ، ایم کیو ایم
کراچی(آئی این پی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کراچی کے تاجر و صنعت کار برادری کو بھتے کی پرچیاں ملنے کو سندھ حکومت کے سترہ سالوں کی گورننس کے منہ پر طمانچے کے مترادف قرار دے دیا۔
بہادر آباد مرکز سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ اربوں روپے محصول اور کھربوں روپے سرکاری سرپرستی میں چلنے والے کارِ خیر ’سسٹم‘ کی مد میں دینے کے باوجود پالنہار شہر لاقانونیت کے شکنجے میں ہے جِس پر صوبائی وزراء و مشیران کی فوج ظفر موج اور دو درجن ترجمان سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہوتے ہیں، اِن واقعات کے بعد دن رات ایم کیو ایم پر بھتے کے الزامات لگانے والی تمام جماعتوں کی زبانوں پر بھی آبلے پڑ گئے ہیں ، پچھلے سترہ برسوں سے یہ گورکھ دھندہ اپنے عروج پر چل رہا ہے ، جعلی اکثریت کا ڈھونگ رچنے کے لئے بوگس ڈومیسائل پر غیر مقامیوں کی بھرمار نے عروس البلاد کو لاقانونیت اور جرائم کی آماجگاہ بنا دیا ہے ۔