انسداد پولیو مہم،ماحولیاتی نمونے مثبت آنے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ

انسداد پولیو مہم،ماحولیاتی نمونے مثبت آنے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ

مچھر کالونی، چکورا نالہ، راشد منہاس ،سہراب گوٹھ ،خاموش گوٹھ، ایم خان کالونی ،اورنگی نالہ ،بختاور گوٹھ ،کورنگی نالہ، حاجی مراد گوٹھ، ہجرت کالونی اور منظور کالونی میں گیارہ نمونے مثبت آئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد پولیو مہم کے دوران جن علاقوں سے ماحولیاتی نمونے مثبت آئے ہیں ان پر بھی خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔مچھر کالونی، چکورا نالہ، راشد منہاس ،سہراب گوٹھ ،خاموش گوٹھ، ایم خان کالونی ،اورنگی نالہ ،بختاور گوٹھ ،کورنگی نالہ، حاجی مراد گوٹھ، ہجرت کالونی اور منظور کالونی میں لئے گئے گیارہ نمونے مثبت آئے ہیں۔کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز ان علاقوں کے منتخب اراکین اور معززین اور مذہبی رہنماؤں سے مدد لیں گے یقینی بنائیں گے کہ ان علاقوں میں سو فیصد کوریج ہو ۔ دریں اثنا کمشنر نے گزشتہ روز میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کے ہمراہ جامعہ بنوریہ کا دورہ کیا اور جامعہ کے چانسلر مفتی نعمان نعیم دیگر علما کرام دینی علوم کے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر مفتی نعمان نعیم نے جامعہ بنوریہ کے اساتذہ کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ۔ بعد ازاں میئر کراچی اور کمشنر کراچی نے کمشنر کراچی کے دفتر میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام اور مذہبی رہنماوں سے ملاقات کی۔ علما کرام نے جامعہ بنوریہ اور کمشنر کراچی کے دفتر میں یقین دلایا کہ وہ پولیو کے قطروں کو جائز سمجھتے ہیں ،یہ بات شریعت کے خلاف بات نہیں بچوں کے مستقبل اور ان کی حفاظت کے لئے والدین کو چاہیئے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں