واپڈا کی ممکنہ نجکاری، لیبر یونین کی کال پر ملازمین کا احتجاج جاری
حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ میں نجکاری چاہتی ، جسے کسی صورت قبول نہیں کرینگےملک دوست پالیسیاں خواب بن گئیں،حکومت فیصلہ واپس لے ،یوسف سومرو و دیگر
میرپور خاص، لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز لیبر یونین کی ملک گیر کال پر واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے ۔ میرپورخاص میں واپڈا کی ممکنہ نجکاری، بھرتیوں پر پابندی، ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کی کال پر ملازمین محمد یوسف سومرو، شاہد علی قائم خانی اور شاہد کاظمی سکندر مہر کی قیادت میں واپڈا آفس سے پریس کلب تک ریلی نکال کر احتجاج کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر واپڈا کی نجکاری چاہتی ہے ، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو مستقل اور حکومت کو پیش کردہ دیگر مطالبات تسلیم کیے جائیں ۔ لاڑکانہ میں بھی سیپکو مزدوروں نے بجلی کے اداروں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین نثار شیخ کی قیادت میں نکالی گئی ریلی سپرنٹنڈنٹ انجینئر آفس لاڑکانہ سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جناح باغ چوک پہنچی جہاں محنت کشوں نے دھرنا دے دیا۔ رہنماؤں نثار شیخ ، عبداﷲ سومرو ، محمود پٹھان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال ہو چکا، ملک دوست پالیسیاں خواب بن گئی ہیں۔