تھرپارکر:رمضان کھوسو قتل کیس، ملزمان پیش، جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

تھرپارکر:رمضان کھوسو قتل کیس، ملزمان پیش، جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

6 جنوری کو پھر سماعت ہوگی، ہمیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے ، مدعی عبدالسلامملزم مجھے اور میری چچی کوجان سے مارنے کی مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے ، گفتگو

تھرپارکر (نامہ نگار)ڈیپلو کے قریب قتل کیے گئے رمضان کھوسو کے قتل کیس میں گرفتار سابق ایس ایچ او حسین بخش راجھڑ اور پھلاج میگھواڑ کو میرپورخاص جیل سے ڈیپلو کے جوڈیشل مجسٹریٹ و سول جج کی عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ ضمانت پر رہا پولیس اہلکار عطا بجیر بھی عدالت میں پیش ہوا۔ عدالت نے کیس کے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 جنوری تک توسیع کر دی۔ سماعت کے دوران مقتول نوجوان رمضان کھوسو کے کیس کے مدعی عبدالسلام کھوسو اور رمضان کھوسو کے معصوم بچے بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ اس موقع پر مقتول کے بھائی اور کیس کے مدعی عبدالسلام کھوسو نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے ، ہمیں انصاف ملے گا۔ پولیس اپنے ساتھی کو پروٹوکول دے رہی ہے ، وہ ملزمان کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے ، ان کے لیے ہتھکڑی تک تیار نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گرفتار سابق ایس ایچ او حسین بخش راجھڑ نے عدالت میں پیشی کے دوران پولیس اہلکار کو ہتھکڑی لگانے سے روک دیا، جبکہ پولیس بھی کیس میں گرفتار سابق ایس ایچ او کو موبائل کی اگلی سیٹ پر بٹھا کر لے گئی۔ جب اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی تو نعیم سومرو نے ان کے خلاف عدالت میں ایک پٹیشن دائر کی، جسے معزز عدالت نے جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔ اس کے باوجود ملزم کی جانب سے انہیں اور ان کی چچی کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں