میرپور خاص:مطالبات کیلئے دوسرے روزبھی بلدیہ ملازمین کی ہڑتال

میرپور خاص:مطالبات کیلئے دوسرے روزبھی بلدیہ ملازمین کی ہڑتال

اگلے مرحلے میں سینٹری انسپکٹرز اور سویپرز کا بھی ہڑتال شروع کرنے کا اعلان روز مرہ امور ٹھپ، سویپروں کی ہڑتال کے باعث صورتحال بگڑنے کا خدشہ

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میونسپل ملازمین نے مطالبات منظور نہ ہونے پر دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رکھی، اگلے مرحلے میں سینٹری انسپکٹرز اور سویپرز نے بھی ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میونسپل کارپوریشن ملازمین نے تنخواہ میں اضافہ، گریجویٹی رقم نا ملنے سمیت پروموشن اور دیگر مطالبات کی منظوری تک دوسرے روز بھی دفاتر کی تالا بندی کرکے ہڑتال کی، جس سے دفتری امور ٹھپ ہوگئے ۔ اس موقع پر یونین رہنما مظہر عباسی و دیگر کا کہنا تھا کہ کئی سال سے ملازمین کو پروموشن نہیں دی جارہی ہے ، جبکہ حکومت کی جانب سے آرڈر ہونے کے باوجود پروموشن نہیں ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہا گریجویٹی کے درجنوں ملازمین بقایاجات کے لیے چکر لگا رہے ہیں، قسطوں میں گریجویٹی کی رقم دی جارہی ہے ، جو نا انصافی ہے ۔ انھوں نے کہا آج دوسرے روز احتجاج جاری رہا، اگلے مرحلے میں ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے گئے تو شہر کے تمام سینٹری انسپکٹرز، ڈرائیورز اور سویپرز بھی ہڑتال شروع کردیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ شہر میں کسی بھی جگہ سے نا کچرا اٹھایا جائے گا نا کوئی صفائی کی جائے گی، انھوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اب تک ملازمین کو نہیں مل سکا ہے ، جبکہ تنخواہ کا ڈیفرنس ملازمین کو نہیں دیا جارہا، اس موقع پر ملازمین شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں